حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نور الاسلام اکیڈمی کے زیر اہتمام عیدِ غدیر کے موقع پر منعقد ہونے والے "غدیر خم کوئز مقابلہ 2026" کے کامیاب شرکاء میں انعامات اور اسناد تقسیم کرنے کے لیے ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یہ تقریب 14 جون 2026 کو شیلدہ شیعہ قبرستان امام باڑہ، کولکاتا میں منعقد ہوئی۔
نور الاسلام اکیڈمی نے 7 جون 2026 کو عیدِ غدیر کی مناسبت سے ایک آن لائن کوئز مقابلہ منعقد کیا تھا، جس میں مغربی بنگال کے مختلف اضلاع سے تقریباً 80 افراد نے رجسٹریشن کرایا، جبکہ 50 شرکاء نے عملی طور پر مقابلے میں حصہ لیا۔
تقریب کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے آٹھ امیدواروں کو خصوصی انعامات، اعزازی اسناد اور تحائف سے نوازا گیا، جبکہ تمام شرکاء کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں بھی یادگاری انعامات دیے گئے۔
مقابلے میں پہلی سے آٹھویں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں عصمت فرزانہ خانم، معصومہ پروین، راہل غازی، منیما خانم، علیشہ فاطمہ، ایرانی خاتون، منجولہ خانم اور ماہی نسرین شامل ہیں۔
منتظمین کے مطابق اس پروگرام کا مقصد امت مسلمہ کی تاریخ میں واقعۂ غدیر خم کی اہمیت کو اجاگر کرنا، عوام میں اس حوالے سے شعور بیدار کرنا اور بالخصوص نئی نسل کو اسلامی تاریخ کے اس اہم باب سے روشناس کرانا تھا۔
تقریب میں نور الاسلام اکیڈمی کے ذمہ داران اور مختلف علمی و سماجی شخصیات نے شرکت کی، جن میں ادریس علی خان، مولانا ڈاکٹر رضوان السلام خان، مولانا غلام سرور، مولانا تفضل حسین ملک، مولانا شعیب اختر، مولانا علی محمد ملا، سورج علی ملا، سائنور میر اور مشتاق احمد سمیت دیگر معزز شخصیات شامل تھیں۔
یہ تقریب نہایت خوشگوار اور پُرجوش ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع پر شرکاء نے ایسے تعلیمی، تحقیقی اور بیداری پیدا کرنے والے پروگراموں کے تسلسل کی ضرورت پر زور دیا۔ تقریب کے اختتام پر اعلان کیا گیا کہ آئندہ ماہِ ربیع الاول میں ایک آف لائن کوئز مقابلے کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔









آپ کا تبصرہ